سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ، یوسف رضا گیلانی
قومی اسمبلی سمیت سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جب کہ اسلام آباد سے بڑا نتیجہ موصول ہوگیا ہے جس کہ مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں جنرل نشست پر کام یاب ہوگئے۔
پنجاب کی تمام 11 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ آج اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11 ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی بارہ بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں کے ہال کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا۔
سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ
سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوگیا اور اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومتی امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو پی ڈی ایم کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے شکست دے دی۔ نتیجہ آنے کے بعد عبدالحفیظ شیخ نے یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد دی۔ یوسف رضا گیلانی نے مدمقابل سے 5 ووٹ زائد حاصل کیے۔