:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سنجیدگی سے بات کر رہا ہے اور مذاکرات سے کچھ قابل قبول توقع کی جا سکتی ہے۔ العربیہ کے مطابق واشنگٹن سے فلوریڈا کے سفر کے دوران صدارتی طیارے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ سنجیدگی سے بات کر رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تہران کسی ’’قابل قبول چیز‘‘ پر مذاکرات کرے گا۔یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ تہران ہم سے بات کر رہا ہے، دیکھیں گے کہ ہم کچھ کر سکتے ہیں یا نہیں۔ادھر ایران کی اعلیٰ قومی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ مصنوعی میڈیا جنگ کی فضا کے برعکس مذاکرات کے ڈھانچے کی تیاری جاری ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔