آسٹریلیاکے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سوئپ پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قومی ٹیم کو مبارکباد

0 3

:پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلین سوئپ کر لیا، جس پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ٹیم کو بھرپور مبارکباد دی ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی، جو قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی انتھک محنت، لگن اور جہدِ مسلسل کا نتیجہ ہے۔چیئرمین پی سی بی نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، کپتان سلمان آغا اور پوری ٹیم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط اور تجربہ کار ٹیم کو مسلسل تین میچوں میں شکست دینا ایک بڑا کارنامہ ہے۔محسن نقوی کے مطابق پوری سیریز میں قومی ٹیم نے ہر شعبے میں زبردست کارکردگی دکھائی اور کھلاڑیوں نے شائقین کرکٹ کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بجا طور پر قومی ٹیم سے ایسی ہی شاندار کارکردگی کی امید رکھتے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے، نظم و ضبط اور محنت کے ساتھ فتوحات کا یہ تسلسل برقرار رکھے گی اور ملک کا نام روشن کرتی رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.