خضدار ،سردار عطاء اللہ خان مینگل کی چوتھی برسی پر تعزیتی ریفرنس، سیاسی رہنماؤں کا خراج عقیدت
بلوچستان کے عظیم قومی رہنماء سردار عطاء اللہ خان مینگل کی چوتھی برسی کے موقع پر خضدار پریس کلب میں ایک پر وقار تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کا اعزاز ان کی ایک تصویر کو دی گئی ، اسٹیج سیکریٹری کے فرائض بی این پی کے رہنمائ ایڈوکیٹ غلام نبی مینگل سرانجام دے رہے تھے۔ تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی اور مرحوم رہنمائ کی جدوجہد اور اقوام کے حقوق کے لیئے آواز بلند کرنے کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کا اہتمام خضدار اور اس کے قریبی علاقوں کے سیاسی کارکنوں نے مل کر کیا۔تعزیتی ریفرنس سے بی این پی کے بزرگ رہنماء ڈاکٹر عزیز بلوچ ،سینٹرل کمیٹی کے ممبر چئیرمین لال جان بلوچ، سابق ایم این اے عثمان ایڈووکیٹ نیشنل پارٹی کے سینیئر رہنماء عبدالحمید ایڈوکیٹ، نیشنل پارٹی کے صدر ریئس بشیر احمد مینگل جییوآئی کے مولانا رحمت اللہ مینگل غلام نبی مینگل ایڈوکیٹ، نوراحمد میراجی، ندیم گرگناڑی ،عبداللہ شاہوانی، منیراحمد زہری، محبوب کرد حافظ صادق زہری، آغاذوالفقعار شاہ، ملامحمد عمر غلامانی ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مرحوم رہنماء جدوجہد کا ایک روشن استعارہ تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم کے حقوق اور انصاف کے لیئے وقف کردی۔ انہوں نے اپنے منفرد انداز میں بلوچ قوم کو نہ صرف منظم کیا بلکہ اسے ایک نئی جہت بھی دی۔ ان کی خدمات بلوچستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہیں۔مقررین نے کہا کہ سردار عطائ اللہ مینگل نے ہمیشہ قوموں کے اتحاد اور حقوق کے حصول کے لیئے جدوجہد کی۔
انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت سے بلوچستان کے مسائل کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا۔ ان ان کی زندگی ایک کھلی کتاب کی مانند ہے، جو ہر بلوچ کے لیئے مشعل راہ ہے۔ ان کی قربانیوں اور جدوجہد کو زندہ قومیں ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ سردار عطائ اللہ خان مینگل نے بلوچستان کی سیاسی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ بلوچستان کے ابتدائی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے اور اپنے قبیلے کی قیادت کے ساتھ ساتھ سیاست اور جمہوریت کو مضبوط کیا۔
انہوں نے بلوچستان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیئے متعدد سیاسی پلیٹ فارمز پر کام کیا اور قوموں کے حقوق کے لیئے آواز بلند کی۔ ان کی جدوجہد نے بلوچ قوم کو ایک نئی سیاسی شعور دیا۔تعزیتی ریفرنس میں شرکاء نے مرحوم رہنمائ کی مغفرت کے لیئے دعا کی اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔ تقریب میں سیاسی کارکنوں، مقامی عمائدین، اور عوام نے شرکت کی، جنہوں نے ان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں بی این پی کے عبد النبی بلوچ عہدیدار وکارکنان سفر خان مینگل صادق غلامانی حیدر زمان بلوچ ڈاکٹر نذیر عمرانی ڈاکٹر محمد بخش بلوچ ودیگر شریک تھے۔