ابوظہبی میں ’’یو میکس‘‘ اور ’’سم ٹیکس‘‘ 2026 کا آغاز، عالمی شرکت میں ریکارڈ اضافہ
:مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کی پہلی بغیر پائلٹ نظاموں کی نمائش ’’یو میکس‘‘ اور سمیولیشن و تربیتی ٹیکنالوجیز کی نمائش ’’سم ٹیکس‘‘ 2026 منگل کے روز ابوظہبی میں شروع ہو گئیں جو 22 جنوری تک جاری رہیں گی۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام ‘‘ کے مطابق ان نمائشوں کا ساتواں ایڈیشن بغیر پائلٹ نظاموں، روبوٹکس، سمیولیشن اور تربیتی ٹیکنالوجیز کے لیے وقف ہے جس میں شرکت اور وسعت کے لحاظ سے غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یو میکس اور سم ٹیکس 2026 میں مقامی اور عالمی ماہرین کے ساتھ ساتھ سرکردہ بین الاقوامی کمپنیوں کی بڑی تعداد شریک ہے جو ان جدید شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی ترقی یافتہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔رواں ایڈیشن میں نمائش کا مجموعی رقبہ 34 فیصد اضافے کے ساتھ 40 ہزار 322 مربع میٹر تک پہنچ گیا ہے جبکہ شرکت کرنے والی کمپنیوں کی تعداد بڑھ کر 375 ہو گئی ہے جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں 74 فیصد اضافہ ہے۔
نمائش میں شریک ممالک کی تعداد میں بھی 9 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر 38 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 10 ممالک پہلی بار اس عالمی ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ نمائش میں متحدہ عرب امارات کا پویلین سب سے بڑا ہے جس کے بعد چین اور امریکا کے پویلین نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
یو میکس اور سم ٹیکس 2026 کو جدید دفاعی اور تربیتی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں عالمی تعاون، علم کے تبادلے اور اختراعات کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے۔