ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ، مزید انتہا پسندی، نفرت یا انتشارکی کوئی گنجائش نہیں ، معرکہ ترقی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، احسن اقبال

0 2

:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ، اب مزید انتہا پسندی، نفرت یا انتشارکی کوئی گنجائش نہیں ،ہندوستان اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے،قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے،ملکی معیشت میں تاجر برادری کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،تحریک انصاف نے اپنے کارکنوں کو گالی گلوچ کا شعور دیا،آئندہ دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مصری شاہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پروائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد،چوہدری عامر صدیق،حاجی عمر فاروق،محبوب عالم سلہری،تاجر رہنمائوں سمیت مقامی سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے یہ ملک کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیا، اسلامی نظریات و ناموس رسالت کی جو حفاظت مسلم لیگ( ن) کر سکتی ہے وہ کوئی اور جماعت نہیں کر سکتی،پاکستان میں ناموس رسالت کا قانون میری والدہ نے قومی اسمبلی سے پاس کروایا،کسی کو مذہب کے نام پر انتشار کی اجازت نہیں دی جا سکتی،پاکستان مسلم لیگ(ن)کا شعور اس ملک کی ترقی سے وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا نظریہ پاکستان میں اتحاد، محبت اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے، ہمارا مقصد ملک کو جدید معیشت کی طرف لے جانا ہے تاکہ غربت کا خاتمہ ہو اور ہر شہری کو خوشحالی میسر آئے، جب بھی پاکستان (ن )کے حوالے ہوا ہے اس نے ترقی کی ہے،جب چھینا گیا ہے یہ کمزور ہوا ہے،1971 کی مثال آپ کے سامنے ہے،یہ حادثہ بھی اسی لئے پیش آیا کیونکہ مسلم لیگ سے ملک چھینا گیا،ملک کے ہر بڑے ترقی کے منصوبے پر ن لیگ کی مہر نظر آئے گی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں بدقسمتی سے جب بھی ہم نے ترقی کا سفر شروع کیا تو اسے سازشوں سے روک دیا گیا٫2013 میں حکومت میں آئے لوڈشیڈنگ ، غربت، دہشت گردی ورثے میں ملی،ہم نے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،

سی پیک کے ذریعے25ارب ڈالر پاکستان میں لے کر آئے،2018 میں ملک کو ایک اناڑی کے حوالے کیا گیا،اس نے وہی کیا جو ایک اناڑی ڈرائیور گاڑی کے ساتھ کرتا ہے،2022میں یہ ملک ملا تو دنیا میں شرطیں لگ رہی تھی کہ چار ہفتے میں پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے12 جماعتوں کو ساتھ لے کر پاکستان کو بچانے کا تہیہ کیا،ہمیں سخت فیصلے کرنا پڑے ، ملک کے لیے ہم نے اپنی سیاست کی پروا نہیں کی، ہم نے نہ صرف معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ صرف دو سال میں اسے ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا،جو ایک مثالی کامیابی ہے،پاکستان آج عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوگیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک بنانے اور سنوارنے والی پارٹی ہے، ہماری حکومت نے ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،حکومتی مثبت پالیسیوں کی بدولت 2 سالوں میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 38 فیصد سے 4 فیصد ہو گئی ہے،شرح سود 23 فیصد سے 11 فیصد پر آگئی ہے،دو سالوں میں مثال نہیں ملتی کہ کسی ملک نے اتنی جلدی اپنی معیشت کو بحال کیا ہو، ملک مزید انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا،معرکہ ترقی جیتنے کے لئے محنت کرنی ہے،ہم ایک ایسی اڑان اڑ سکتے ہیں کہ پاکستان ترقی کی مثال بن سکتا ہے،بحیثیت قوم ہمیں معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے ترقی کے بیج دوبارہ لگادیئے ہیں،ہم نے اس مٹی کے امن و استحکام کی حفاظت کرنی ہے، ہندوستان اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے،جو بھی ایسا کررہا ہے وہ پاکستان کا دوست نہیں ہے ہندوستان کا دوست ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا نے ظاہر کیا کہ پاکستان کمزور ہے،انہوں نے شعور دیا کہ اپنے مخالف کو چور کہو،شعور یہ دیا کہ فوج پر حملے کرو ،شعور یہ ہے کہ جناح ہائوس پر حملہ کر دو اگر یہ شعور ہے تو لعنت ہے ایسے شعور پر، پی ٹی آئی والوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی،بانی پی ٹی آئی نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا تھا،4 سال ان کی بھی حکومت رہی ہے،پنجاب کو عثمان بزدارکے حوالے کر کے صوبہ کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ،پنجاب میں صحت کا ڈھانچہ تباہ کردیا، تعلیم کا سٹرکچر تباہ کردیا،غرض کوئی ایسا محکمہ نہیں تھا جس کو تہس نہس نہ کیا گیا ہو،پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پنجاب میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، پشاور سے کراچی تک تحریک انصاف والے اپنا ایک بھی ترقیاتی منصوبہ بتائیں جو انہوں نے اپنے 4 سالہ دورِ حکومت میں مکمل کیا ہو٫پا کستان کی ترقی کا نسخہ ن لیگ کے پاس ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ جب 1998 میں ہندوستان نے پانچ دھماکے کئے تو امریکی صدر نے فون کیا کہ دھماکے نہیں کرنے ہم 5 ارب ڈالر دیں گے،قائد محمد نواز شریف نے 5 کے مقابلے میں 6 دھماکے کئے تو ہندوستان کے وزیر اعظم بس پر پاکستان آئے اور امن کا معاہدہ کیا،ہم نے ہمیشہ دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا،2019 میں بھی بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تھا،اس وقت کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ میں کیا کروں بھارت پر حملہ کردوں،اس کے برعکس جب ہندوستان نے چند مہینے پہلے6 مئی کی رات کو پاکستان پر حملہ کیا تو شہباز شریف کے پاس پاکستان کی ذمہ داری تھی،شہباز شریف نے مسلح افواج کو کہا کہ اپنی مرضی سے ایسا جواب دینا ہے کہ دشمن کو دن مین تارے نظر آئیں، مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیرکی بہترین حکمت عملی سے معرکہ حق میں عظیم فتح ملی،10 مئی کو بہادر مسلح افواج نے بھارت کو جو جواب دیا پاکستان کو معرکہ حق میں کامیابی دلوائی،ہماری مسلح افواج چوکس ہیں ،ہماری فوجی قیادت دلیر قیادت ہے،ہماری جمہوری حکومت اہم فیصلے کرسکتی ہے،یہ فرق ہوتا ہے اصلی اور نقلی کا،ہمیں اپنے شہدا پرفخر ہے،مسلح افواج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں ،تحریک انصاف نے فوج پر کیچڑ اچھالا اور شہداء کی توہین کی ،میں پوچھتاہوں کہ کیا فوجیوں کے اہل خانہ کے سینوں میں لوہے کے دل ہوتے ہیں،وہ بھی یہی دل رکھتے ہیں ۔

احسن اقبال نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت معاشی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، اب وقت ہے کہ معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی میں سب اپنا کردار ادا کریں،ہمیں ملک سے ٹیکس چوری ختم کرنی ہوگی،آئیے مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنائیں۔انہوں نے کہاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے ،آئندہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

بعد ازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے تاجر رہنمائوں سے ملاقات کی اور کہاکہ ملکی ترقی میں تاجربرادری کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،مصری شاہ لاہور کا دھڑکتا ہوا دل ہے،اس پر تمام تعمیراتی سرگرمیوں کا انحصار ہے،حکومت تاجر برادری کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے،وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کے راستے پر گامزن ہے، عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.