پاکستان کے مضبوط بائولنگ اٹیک کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں،مچل مارش
آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے پاکستانی بائولنگ اٹیک کو دنیا کے بہترین اٹیک میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیم اس چیلنج کے لیے تیارہے، یہ سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں 29 جنوری سے شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارش نے زور دیا کہ یہ سیریز نہ صرف ایک سخت مقابلہ بلکہ بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک اہم مرحلہ بھی ہے۔
لاہور میں والہانہ استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مارش نے بتایا کہ ٹیم کا بیشتر حصہ لاہور پہنچنے سے قبل دبئی میں تربیت حاصل کر رہا تھا۔ لاہور کی سردی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہر دورے کی تیاری مختلف ہوتی ہے، ہم میں سے کچھ دبئی میں تھے اور کچھ بگ بیش کھیل کر آئے ہیں، ہم کل کے میچ کے لیے مکمل تیار ہیں۔پاکستانی بائولرز کی تعریف کرتے ہوئے مارش کا کہنا تھاکہ پاکستان کی فاسٹ بائولرز پیدا کرنے کی ایک شاندار تاریخ ہے۔ شاہین آفریدی ایک بہترین بائولر اور ہم اس چیلنج کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی سپنرز کے خلاف کھیلنا ہماری تیاریوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا۔بابر اعظم کے بارے میں بات کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ بابر طویل عرصے سے ایک عالمی معیار کے کھلاڑی رہے ہیں اور ان کنڈیشنز میں وہ اب بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔اگرچہ گلین میکسویل جیسے سینئر کھلاڑی اس دورے کا حصہ نہیں ہیں، لیکن مارش نے یقین دلایا کہ آسٹریلیا کی تیاریاں درست سمت میں ہیں۔
انہوں نے ٹریوس ہیڈ کو بڑے میچ کا کھلاڑی قرار دیتے ہوئے ان کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا جو پہلے میچ میں قیادت کریں گے۔ بدھ کے روز آسٹریلیاء کا 17 رکنی سکواڈ لاہور پہنچا جہاں انہوں نے آرام کیا۔ سیریز کے پہلے میچ میں باقاعدہ کپتان مچل مارش اور وکٹ کیپر جوش انگلس کو آرام دیئے جانے کا امکان ہے کیونکہ وہ بگ بیش لیگ کا فائنل کھیلنے کے بعد حال ہی میں پاکستان پہنچے ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم کو پہلے ہی پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ٹم ڈیوڈ جیسے کھلاڑیوں کی انجری کے باعث کمی کا سامنا ہے۔سیریز کے باقی دو میچز بھی31 جنوری اور یکم فروری کو لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں 7 فروری سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہوں گی۔