سید ناصر حسین شاہ اور جام خان شورو کا سکھر بیراج کا دورہ

0 15

کراچی 28 اگست۔ صوبائی وزیر توانائی اور وزیراعلیٰ سندھ کی قائم کردہ فلڈ کمیٹی کے رکن سید ناصر حسین شاہ دریائے سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سکھر پہنچ گئے۔ ان کے ساتھ صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو بھی موجود تھے۔ دونوں وزراء نے سکھر بیراج کا دورہ کیا اور دریائے سندھ میں بڑھتے ہوئے پانی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ان کا دورہ خیرپور، نوشہرو فیروز، نوابشاہ، مٹیاری، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول اور ساحلی علاقوں تک جاری رہے گا تاکہ دریا کے پشتوں، حفاظتی انتظامات اور فلڈ الرٹ کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں فوری اقدامات کے لیے رپورٹ تیار کی جائے گی۔ وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور اب اس کا رخ سندھ کی طرف ہے، تاہم سندھ حکومت مکمل طور پر الرٹ ہے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج سے نو لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک پانی گزارنے کی صلاحیت موجود ہے اور حفاظتی بند بھی مضبوط ہیں۔ انہوں نے مزید کہا “بیراج کے ڈھانچے کو کوئی خطرہ نہیں، چینی ماہرین نے دروازوں کی تبدیلی مکمل کر دی ہے،”۔ جام خان شورو نے بتایا کہ کچے کے علاقے کے لوگ سیلابی صورتحال کے باوجود اپنے گاؤں چھوڑنے پر تیار نہیں ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ نے ریلیف کیمپس کی تیاری شروع کر دی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس کیا ہے، صوبائی وزراء اور زمیندار بھی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صورتحال افسوسناک ہے، ہم دعاگو ہیں کہ وہاں آسانیاں ہوں، تاہم سندھ میں اس وقت حالات قابو میں ہیں اور ہم مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا “احتیاطی تدابیر کے طور پر پیشگی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.