قومی انسداد پولیو مہم آج سے شروع، پنجاب بھر میں 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

0 4

:سال 2026 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کل سے ملک بھر میں شروع ہو رہی ہے جس کے دوران پنجاب بھر میں ایک کروڑ 78 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے مطابق اس قومی مہم میں صوبے بھر سے دو لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں جو گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گے۔پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے ترجمان عدیل تصور نے بتایا کہ یہ مہم پولیو وائرس کے خلاف دباؤ برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں پولیو وائرس میں واضح کمی سامنے آئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انسداد پولیو مہمات مؤثر ثابت ہو رہی ہیں تاہم وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے رفتار، تسلسل اور دباؤ برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔عدیل تصور کے مطابق لاہور میں 14 ہزار جبکہ راولپنڈی میں 8 ہزار پولیو ورکرز اس قومی مہم کا حصہ ہوں گے۔ راولپنڈی اور مری سمیت صوبے کے حساس اور ہائی رسک اضلاع میں خصوصی حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا جبکہ نقل مکانی کرنے والی آبادی پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو مستقل معذوری کا سبب بنتا ہے، اس لیے ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا نہایت ضروری ہے تاکہ انہیں ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ عدیل تصور نے واضح کیا کہ صوبائی قیادت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب انسداد پولیو پروگرام نے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرنٹ لائن ہیروز قوم کے بچوں کے مستقبل کے محافظ ہیں جو کٹھن حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ہر بار اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کا خواب حقیقت بن سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.