آئی ٹی ایف پاکستان انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ لیگ ون اختتام پذیر،پاکستانی کھلاڑی میکائل علی بیگ نے بوائز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا
:پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام آئی ٹی ایف پاکستان انٹرنیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ لیگ ون پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ ہفتہ کو پی ٹی ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس بین الاقوامی ایونٹ میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں جونیئر ٹینس کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ شرکت کرنے والے ممالک میں چین، جاپان، قازقستان، کوریا، لتھوانیا، روس، تھائی لینڈ، ترکی، برطانیہ اور میزبان ملک پاکستان شامل تھے۔یہ ایونٹ پارکو، او جی ڈی سی ایل، نیشنل فوڈز، علی ایمبریڈر ی اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔
بوائز سنگلز فائنل میں پاکستان کے میکائل علی بیگ نے لتھوانیا کےکرسٹی جوناس میلاساوکس کو 6-3، 6-4 سے شکست دے کر بوائز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیاجبکہ گرلز سنگلز فائنل میں ترکیہ کی اکرن لال یاووز نے کوریا کی یی وون لی کوریا کو 7-5، 6-3 سے ہرا کر گرلز سنگلز ٹائٹل جیتا۔اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سلیم سیف اللہ خان نائب صدر ایشئین ٹینس فیڈریشن تھے جبکہ پاکستان سویٹ ہومز کے سی ای او زمرود خان مہمانِ اعزاز تھے۔
انہوں نے کرنل ضیاء الدین طفیل سیکریٹری جنرل پی ٹی ایف کے ہمراہ فاتحین اور رنرز اپ میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب میں صدام حسین (او جی ڈی سی ایل)، میجر سلیمان جنید (سینئر ایگزیکٹو نائب صدر پی ٹی ایف)، سعید احمد خان (سینئر نائب صدر پی ٹی ایف)، کرنل گل رحمان (ڈائریکٹر کوآرڈینیشن و سپورٹس پی ٹی ایف) سمیت کھلاڑیوں، والدین، کوچز اور ٹینس کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ٹی ایف-پی ٹی ایف جونیئر ٹینس انیشی ایٹو پروگرام کے تحت تقریباً 200 بچوں نے جن کا تعلق دارِ ارقم اسکول، الائیڈ اسکول مارگلہ ٹاؤن، پاکستان سویٹ ہوم اسکول (H-9) اور آئی سی جی اسلام آباد گرلز کالج سے تھا، پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس کا دورہ کیا اور فائنل میچ دیکھا۔بچوں کو غیر ملکی کوچز اور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع بھی فراہم کیا گیاجس کی نگرانی حامد نیاز جے ٹی آئی کوآرڈینیٹر پی ٹی ایف اور مسعود عباسی ریجنل جے ٹی آئی کوآرڈینیٹر نے کی۔