سعودی حکام کی موثر نگرانی، منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام

0 4

سعودی حکام نے مجرمانہ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے موثر نگرانی کے باعث منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش کو ناکام بنادیا۔سعودی خبررساں ادارے (ایس پی اے ) نے وزارتِ داخلہ کے ترجمان بریگیڈیئرطلال بن عبدالمحسن الشلھوب کے حوالے سے بتایا کہ وزارت کی جانب سے مجرمانہ نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے کی جانے والی پیشگی سکیورٹی نگرانی کے نتیجے میں منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف نارکاٹکس کنٹرول کی جانب سے فراہم کردہ مصدقہ معلومات کی بنیاد پر ملائیشیا کے محکمہ کسٹمز اینڈ نارکاٹکس نے کامیاب کارروائی کرتے 25 کلو گرام کوکین کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا دیا،نشہ آور خطرناک پائوڈرکوکین کو طبی آلات کی کھیپ میں چھپایا گیا تھا جس کی قبل از وقت نشاندہی کرکے اسے سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

بریگیڈیئرالشلھوب نے اس موقع پر ملائیشیا کے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب منشیات کے عالمی نیٹ ورکس کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مملکت کی جانب سے ان تمام مجرمانہ سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جاتی ہے جن مقصد امن واستحکام اور نوجوانوں کے مستقبل کو منشیات لعنت سےتباہ کرنا ہے۔

ادھر، محکمہ کسٹم و زکٰوۃ اتھارٹی کے ترجمان حمود الحربی کا کہنا تھا کہ کسٹم اہلکاروں نے بری سرحدی چیک پوسٹ پر آنے والے ایک ٹرالر کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی نشہ آور گولیوں کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔الحربی نے کہا کہ منشیات کو وصول کرنے کے لیے آنے والے دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ٹرک کے خفیہ خانوں سے برآمد ہونے والے نشہ آور پاوڈر کا مجموعی وزن 8.9 کلو گرام تھا جسے ٹرالر کے نیچے ویکیوم ٹینک میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا مگر کسٹم اہلکاروں کی تجربہ کاری سے وہ پوشیدہ نہ رہ سکا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.