جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی، ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان
لورالائی پولیس کی جانب سے چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف کامیاب اور موثر کارروائیوں پر انجمن تاجران بلوچستان (رحیم آغا گروپ) لورالائی کے ضلعی صدر حاجی عبدالغفار ناصر کی قیادت میں ایک ضلعی وفد نے ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان سے ملاقات کی۔وفد میں حاجی عبدالغنی ناصر، فیاض احمد، طارق شاہ کاکڑ، عبدالخالق ناصر، عبدالقادر ناصر اور شیر زمان حریفال شامل تھے۔
وفد نے لورالائی پولیس کی حالیہ کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے امن و امان کی بحالی میں پولیس کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا اور پولیس کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر عثمان نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مسلسل تنگ کیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔