ّخواتین کی صحت مند مسکراہٹ ان کے اعتماد اور خوشحال زندگی کی علامت ہے، ڈاکٹر ربابہ بلیدی

0 5

وزیرِ اعلی بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کی صحت مند مسکراہٹ ان کے اعتماد اور خوشحال زندگی کی علامت ہے، اسی مقصد کے تحت صوبے میں فیمیل ڈینٹل کیئر سینٹرز کے قیام کا منصوبہ زیرِ غور ہے تاکہ خواتین کو معیاری اور محفوظ دندان ساز سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال کوئٹہ کے ڈینٹل سیکشن کے دورے کے موقع پر کیا۔صوبائی مشیر ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے ڈینٹل سیکشن کی بہترین کارکردگی، صفائی ستھرائی کے معیاری انتظامات اور محدود وسائل میں خواتین مریضوں کو علاج کی فراہمی پر عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈینٹل کلینک کے قیام، جدید آلات کی فراہمی اور کلینک مینجمنٹ کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے پرنسپل و وائس پرنسپل ڈینٹل کالج سمیت پوری ٹیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں فیمیل ڈینٹل کیئر سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جہاں لیڈی ڈینٹل سرجنز کی نگرانی میں خواتین کو جدید طرزِ علاج، دانتوں کی بیماریوں سے بچا اور آگاہی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے خواتین نہ صرف اپنی صحت برقرار رکھ سکیں گی بلکہ اپنے گھروں اور بچوں کو بھی دانتوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان خواتین کی صحت، فلاح اور سماجی بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ صوبے کی خواتین ایک بہتر، صحت مند اور بااختیار زندگی گزار سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.