سابق صوبائی وزیر کویٹہ بلوچستان کے دیگر شہروں میں دہشت گردوں کے حملوں میں شہیدہونے والے پولیس،سیکورٹی اہلکاروں اورشہریوں کو خراج عقیدت پیش
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنما وسابق صوبائی وزیر ثوبیہ کرن کبزئی نے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں میں دہشت گردوں کے حملوں میں شہیدہونے والے پولیس،سیکورٹی اہلکاروں اورشہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک سے جلددہشتگردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ثوبیہ کرن کبزئی نے کہاکہ ریاست مخالف عناصر دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے صوبے کے امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جس کی انہیں کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے غیر ملکی آقائوں کی خوشنودی کیلئے بے گناہ شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں نے حملے کئے جسے پولیس،ایف سی اوردیگر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیرناکام بنایا دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے ہمارے جوان اورشہری شہید ہوئے جنہیں ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ان تمام حملوں کو ناکام بنایا، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر پر ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہم کبھی خوفزدہ نہیں ہوں گے۔