حکومت بلوچستان کے خصوصی رمضان پیکج کے تحت اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ کی نگرانی میں گاؤں خجک، لونی اور گلوشہر میں مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر نادار، دہاڑی دار مزدوروں اور کم آمدن والے خاندانوں کو باقاعدہ سروے اور جانچ پڑتال کے بعد امدادی اشیائ فراہم کی گئیں تاکہ رمضان المبارک میں انہیں ریلیف میسر آ سکے۔
راشن کی تقسیم کے دوران اسسٹنٹ کمشنر یوٹی ڈاکٹر میر حمزہ لاشاری اور اسسٹنٹ کمشنر یوٹی انضمام قاسم بھی موجود تھے، جنہوں نے انتظامات اور تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق مستحق اور محنت کش طبقے کی معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ امدادی سامان مکمل شفافیت اور منصفانہ طریقے سے حقیقی حقداروں تک پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں رمضان پیکج کے تحت راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں مشکلات کا شکار نہ ہو۔مستحقین نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سبی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔