بلوچستان میں زرعی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، ظہور احمد بلیدی

بلوچستان میں زرعی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے، ظہور احمد بلیدی

کوئٹہ: صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ خالص، محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور خوراک کو محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زیرِ زمین پانی کی سطح تیزی سے گر رہی ہے، اس لیے زمینداروں کو جدید زرعی طریقے اپنا کر پانی کے ضیاع کو روکنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ خوراک کے موقع پر بلوچستان ایگریکلچر کالج، بلیلی روڈ کوئٹہ میں پہلی بلوچستان فوڈ ایگزیبیشن 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دو روزہ نمائش 15 اور 16 اکتوبر کو منعقد کی جا رہی ہے، جس کا اہتمام اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) نے بلوچستان ریور بیسنز واٹر ریسورسز پروگرام کے تحت کیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کا بڑا رقبہ خشک اور نیم خشک علاقوں پر مشتمل ہے، تاہم صوبے کے کئی علاقے زرعی پیداوار کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں اور فوڈ باسکٹ کے نام سے مشہور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں زراعت کو فروغ دینے کے لیے ڈیمز کی تعمیر اور مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

میر ظہور احمد بلیدی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں تقریباً 60 لاکھ جانور موجود ہیں اور بھیڑ بکریوں کی بڑی تعداد صوبے میں پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ماہی گیری کے شعبے میں بھی وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے ملکی معیشت اور زرمبادلہ کے حصول میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے، تاہم غیر قانونی ماہی گیری کی روک تھام بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون کی ضرورت ہے، جبکہ کسانوں اور زمینداروں کو جدید زرعی تکنیک سے روشناس کرانا وقت کا تقاضا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ پانی کے مؤثر استعمال اور سماجی سطح پر شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔

افتتاحی تقریب کے بعد صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے نمائش میں لگائے گئے زرعی مصنوعات کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں پیش کی جانے والی مصنوعات کا جائزہ لیا۔

نمائش کا مقصد زرعی شعبے سے وابستہ چھوٹے کاروباری اداروں، کسانوں اور کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے، کاروباری روابط کے فروغ اور پائیدار زرعی ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تقریب میں محکمہ زراعت و کوآپریٹوز، محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ، محکمہ ترقیِ نسواں اور بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ایسی نمائشیں بلوچستان کی زرعی معیشت کو مستحکم کرنے، چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی اور مقامی زرعی مصنوعات کو مارکیٹ تک مؤثر رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.