چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارلیمانی سفارتکاری پاکستان کے عالمی روابط کے فروغ، دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی و عالمی امور پر مؤثر کردار ادا کرنے میں اہمیت کی حامل ہے جبکہ پارلیمان اور وزارت خارجہ کے درمیان قریبی رابطہ ملک کے خارجہ پالیسی مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد سے ملاقات کے دوران کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے عاصم افتخار احمد کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا سفارتی تجربہ اور پیشہ وارانہ مہارت پاکستان کے خارجہ پالیسی مقاصد کے فروغ اور قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلسل سفارتی روابط، تعمیری مکالمے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری سیاسی افہام و تفہیم کے فروغ، ادارہ جاتی روابط کے قیام اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے تنزانیہ میں بین الپارلیمانی یونین کے 153ویں اجلاس میں شرکت اور حالیہ دوطرفہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی روابط مختلف ممالک کے درمیان خیالات کے تبادلے، دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی و عالمی امور پر تعاون کے فروغ کے مؤثر مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے اپنے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف ممالک کی پارلیمانی قیادت کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ملاقات میں سینیٹ اور وزارت خارجہ کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تقویت دینے، عالمی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں مدد مل سکے۔
سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد نے پرتپاک استقبال پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور عالمی سطح پر پارلیمانی سفارتکاری اور بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ مسلسل روابط کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ملاقات میں رکن قومی اسمبلی عبدالقادر گیلانی، سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر اور چیئرمین سینیٹ کے مشیر و بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس میں پاکستان کے سفیر مصباح کھر بھی موجود تھے۔