:اقراء یونیورسٹی نے اسلام آباد کنونشن سنٹر میں کانووکیشن کی تقریب منعقد کی جس میں متنوع تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 300 گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے میں آپ کو اپنے تعلیمی اداروں کو نئے خیالات اور افکار، اختراع، تکنیکی اور سائنسی ترقی، تنقیدی سوچ اور جدید فنون کے انکیوبیٹروں میں تبدیل کرنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔انہوں نے طلباء کو بین الاقوامی ترقی،فروع اور خوشحالی میں ممکنہ رہنما اور شراکت دار کے طور پر تیار کرنے کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی جاری رکھنے کے عزم پر اقراء یونیورسٹی کی تعریف کی۔وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر اکرام نے فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج آپ سابق طلباء کے ایک معزز گروپ میں شامل ہو رہے ہیں جو دنیا بھر میں تبدیلی اور اختراعات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ یاد رکھیں کہ آپ نے یہاں جو مہارتیں اور اقدار تیار کی ہیں وہ پاکستان کے روشن مستقبل کی تشکیل میں آپ کی رہنمائی کریں گی۔ڈاکٹر اکرام نے یونیورسٹی کی حالیہ کامیابیوں بشمول جنوبی ایشیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں اس کی مسلسل درجہ بندی پر بھی روشنی ڈالی۔
کانووکیشن میں 300 گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں جن میں کمپیوٹنگ اینڈ ٹیکنالوجی، بزنس ایڈمنسٹریشن، سوشل سائنسز، فیشن اینڈ ڈیزائن اور میڈیا اسٹڈیز کے شعبوں کے 8 پی ایچ ڈی اسکالرز، ماسٹرز اور بیچلر کے طلباء شامل تھے۔ 19 نمایاں گریجویٹس کو ان کی تعلیمی مہارت اور لگن کے اعتراف میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے گولڈ میڈل جیتنے والوں کو نوازا اور تمام گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں۔