واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ کابل میں زمینی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں مزید خود کش حملے ہوسکتے ہیں، افغانستان میں امریکی سفارت خانے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر حملے کا واضح خطرہ ہے۔
افغانستان میں غیر ملکی افواج کا انخلا، امریکی فوجیوں کا بوریا بستر گول ہونے کا وقت آ گیا۔ آخری لمحوں میں بھی دہشت گرد حملوں کا خطرہ بڑھ گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ زمینی صورتحال اب بھی انتہائی خطرناک ہے اور ایئرپورٹ پر مزید حملوں کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔
صدر بائیڈن کے مطابق ان کے کمانڈرز نے بتایا ہے کہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں ایک اور حملے کا امکان ہے۔ امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ داعش خراسان پرافغانستان میں ڈرون حملہ آخری نہیں، داعش کے خراسان گروپ کیخلاف ڈرون حملے جاری رہیں گے۔
امریکی سفارت خانے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر حملے کا واضح خطرہ ہے۔ امریکی شہری کابل ائیرپورٹ سے دور رہیں۔ ان کے شہری کابل ائیرپورٹ کے دروازوں کو فوری طور پر چھوڑ دیں۔ امریکی شہری ائیرپورٹ کے جنوبی اور شمالی گیٹ کی طرف مت آئیں۔