:آذربائیجان اور پاکستان کے مابین گزشتہ کئی ماہ سے جاری دو طرفہ سفارتی سرگرمیوں،اعلی سطحی وفود کے تبادلوں اور پاکستان سے باکو میں”کوپ” کانفرنس میں بھرپور شرکت کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مشترکہ منصوبوں اور تجارتی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جس کے لئے آنے والے دنوں میں عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔
یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کے سفیر کا گرم جوشی سے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت سمیت اپنے دوست ممالک سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے باہمی تعلقات کو بزنس اور دوطرفہ تجارت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے دونوں اطراف سے مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ لگانے اور کاروبار کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں جی ٹو جی اور بی ٹو بی کی بنیاد پر غیر ملکی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی حکومت کو کراچی سے سکھر اور سکھر سے حیدرآباد کے ایم6 اورایم9 موٹرویز پر سرمایہ کاری کے لئے بھی بات چیت کی۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہاکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مختلف شعبوں میں بڑے مواقع موجود ہیں جن سے مکمل طور پر فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان سے سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرے گا۔
ملاقات میں پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے تینوں ممالک کی مشترکہ کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی ہدایت پر آذربائیجان کی حکومت سے قریبی رابطہ رکھنے کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ سے فوکل پرسن کی نامزدگی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔