لاہور ( سپورٹس رپورٹر) خیبرپختونخوا کے بیٹسمین کامران غلام نے قائد اعظم ٹرافی میں 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا، وہ رواں سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں ۔ گزشتہ روز کامران غلام نے وسطی پنجاب کیخلاف فائنل میچ کے دوران سعادت علی کے 1217 رنز کا ریکارڈ توڑا جو انہوں نے 1983 کے ڈومیسٹک سیزن میں قائم کیا تھا ۔ کامران غلام کا کہنا ہے کہ میرے لئے موجودہ سیزن غیر معمولی رہا جس پر اپنے ساتھیوں اور کوچز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے دوران فیملی کا بھی تعاون حاصل رہا جس کے بغیر یہ سب ممکن نہیں تھا ۔ کرکٹ کیلئے چار ماہ سے زیادہ گھر سے دور رہنا پڑا جبکہ حالیہ سیزن سے مجھے بہت اعتماد ملا ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق کی کوچنگ نے انفرادی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بہت مدد دی اور کارکردگی میں مزید نکھار لا کر قومی ٹیم میں جگہ بنانا ہدف ہے ۔واضح رہے کہ کامران غلام موجودہ سیزن میں 65.53 کی بیٹنگ اوسط سے 1245رنز بنا چکے ہیں۔