ویسٹ انڈیز کی 173رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ20آورز میں163رنز بنا کر آئوٹ ،پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے3،محمد نواز ،حارث رئوف اورمحمد وسیم جونیئر نے2،2 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان مین آف دی میچ قرار
دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی (کل) نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائیگا
کراچی : پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میںسنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 9رنز سے شکست دیکر 3میچوں کی سیریز میں2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ویسٹ انڈیز کی 173رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ20آورز میں163رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے3،محمد نواز ،حارث رئوف اورمحمد وسیم جونیئر نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے شاداب خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی (کل)جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائیگا۔منگل کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 14کے اسکور پر کپتان بابراعظم صرف 7رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے
فخرزمان بھی مسلسل دوسرے میچ میں ناکام ہوئے اور 5گیندوں پر 10رنز بنا کر اکیل حسین کا نشانہ بنے۔رضوان نے دو اہم کھلاڑیوں کے آئوٹ ہونے کے بعد ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور 86رنز تک پہنچایا تھا کہ اسمتھ نے ان کی 38رنز کی اننگز کا اختتام کردیا۔حیدر علی اور افتخار احمد نے پاکستان کا اسکور 109رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ اسمتھ نے نوجوان بلے باز حیدر علی کو آئوٹ کردیا۔نوجوان بلے باز نے 34گیندوں کا سامنا کرکے 31رنز بنائے تھے، جس میں 4چوکے شامل تھے۔
آل رائونڈر محمد نواز بھی صرف ایک رن کا اضافہ کرپائے اور 111کے اسکور پر واش کو وکٹ دے گئے۔آصف علی 7گیندوں پر 9رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 17ویں اوور میں 124رنز تک پہنچ چکا تھا۔افتخار احمد اور شاداب خان نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور ایک اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 141رنز تک پہنچایا۔افتخار احمد کی 19گیندوں پر 32رنز کی اننگز میں ایک چوکا اور 2چھکے شامل تھے۔شاداب خان نے محمد وسیم کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو ایک معقول ہدف تک پہنچایا تاہم وسیم 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر رن آئوٹ ہوگئے۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8وکٹوں 172رنز بنائے۔شاداب خان ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 28 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے جبکہ حارث رف کو بیٹنگ کا موقع نہیں مل سکا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوڈیئن اسمتھ کامیاب بالر رہے، جنہوں نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ویسٹ انڈیز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو گزشتہ میچ میں شان دار بالنگ کرنے والے محمد وسیم نے 17کے اسکور پر شے ہوپ کی قیمتی وکٹ حاصل کرلی۔شیہوپ 6گیندوں پر صرف ایک رن بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 31رنز پر گری جب محمد نواز کی گیند پر شمار بروکس 10رنز کی اننگز کھیل کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔تیسری وکٹ کی شراکت میں کپتان نیکولس پوران نے برینڈن کنگ کے ساتھ مل کر اسکور 85 رنز تک پہنچایا اور 26 رنز کی اننگز کھیلی تاہم محمد نواز نے ان کو حارث رف کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔جس کے بعد رومن پاول نے کنگ کا ساتھ نبھاتے ہوئے اسکور 102 تک پہنچایا لیکن ان کی اننگز صرف 4 رنز پر مشتمل تھی۔برینڈن کنگ آئوٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، جنہوں نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی نصف سنچری بھی بنائی تاہم حارچ رف نے ان کی 67رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اوڈین اسمتھ نے بھی مزاحمت کی اور 6گیندوں پر 12رنز بنائے، محمد وسیم نے ان کی وکٹ حاصل کی، جس کے بعد ڈومینک بریکس صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ویسٹ انڈیز کی 173رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ20آورز میں163رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے3،محمد نواز ،حارث رئوف اورمحمد وسیم جونیئر نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی (کل)جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائیگا