اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خفیہ مراسلے پر بریفنگ دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مسلح افواج کےسربراہان، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات، مشیر قومی سلامتی، انٹیلی جنس ایجنسیز کے سربراہان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کے حوالے سے ارکان کو بریفنگ دی گئی۔
پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کمیٹی کا بھی اِن کیمرا اجلاس طلب
دریں اثنا پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کمیٹی کا بھی اِن کیمرا اجلاس شام 6 بجے طلب کر لیا گیا۔ پارلیمانی سیکیورٹی کمیٹی کو خفیہ مراسلے پر بریفنگ دی جائے گی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حساس خط کے بارے میں پارلیمانی لیڈرز کو ان کمیرا اجلاس کی دعوت دے دی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے پارلیمانی رہنما متفق ہو جائیں، حساس خط کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرا اجلاس میں بات ہو سکتی ہے۔