دوحا:
ترجمان طالبان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ چین افغانستان کی تعمیرنو، بحالی اور ترقی میں کردار ادا کرسکتا ہے۔
چین کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں ترجمان طالبان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ چین نے افغانستان میں امن و مفاہمت کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کیا ہے لہذا مستقبل میں افغانستان کی ترقی میں اس کے کردار کا خیر مقدم کریں گے، چین کا شمار دنیا کی سپر پاورز میں ہوتا ہے لیکن امریکا، روس اور برطانیہ کے برعکس چین نے اب تک افغانستان میں طاقت کا استعمال نہیں کیا ہے۔
ترجمان طالبان سہیل شاہین نے کہا کہ چین بڑا ملک ہے جس کی بڑی معیشت اور صلاحیت ہے، وہ افغانستان کی تعمیرنو، بحالی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ طالبان کے وفد نے چین میں وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی تھی، اس حوالے سے چینی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی تھی کہ افغان طالبان معتدل اسلام کی پالیسی کو اختیار کریں گے۔