شعیب اختر کی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ فلم بنائی جائیگی

پاکستان کے کسی بھی کرکٹر پر بنائی جانے والی پہلی انٹرنیشنل فلم ہوگی
زندگی کے وہ پہلو بھی شامل ہونگے جو کہ اب تک سامنے نہیں آئے

کراچی:پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی۔شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 46 ٹیسٹ میچ کھیلے، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 178 وکٹیں حاصل کیں۔شعیب اختر نے 163 ون ڈے میچز میں 247 جب کہ 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مارچ 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی، پی پی آئی کے مطابق کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل وہ کافی عرصے تک فٹنیس کے مسائل سے دوچار رہے تھے۔انہیں دنیا کے فاسٹ ترین باؤلر کا اعزاز بھی حاصل ہے، کہا جاتا ہے کہ ان کی باؤلنگ کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کے برابر ہوتی تھی، اپنے کیریئر میں وہ کئی تنازعات، اسکینڈلز اور مسائل سے دوچار رہے جب کہ کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔پی پی آئی کے مطابق شعیب اختر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکساں مقبول رہے، اس لیے اب ان کی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی انٹرنیشنل فلم بنائی جا رہی ہے، جو کہ پاکستان کے کسی بھی کرکٹر پر بنائی جانے والی پہلی عالمی فلم ہوگی۔شعیب اختر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں تصدیق کی کہ ان کی زندگی پر ‘راولپنڈی ایکسپریس’ نامی فلم بنائی جا رہی ہے، جس میں ان کی زندگی کے وہ پہلو بھی شامل ہوں گے جو کہ اب تک کسی کے سامنے نہیں آئے۔انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس میں فلم کا موشن پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فلم کو کیو فلم پروڈکشن تیار کر رہا ہے اور اس کی ہدایات ایم فراز قیصر دے رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.