انگلینڈ کرکٹ ٹیم 16 سال بعد پاکستان کی مہمان ، شہر قائد میں ٹی 20 میچز شیڈول

لاہور( سپورٹس رپورٹر ) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 16 سال بعد آئندہ برس پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پی سی بی نے تصدیق کی کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے دو ٹی 20 میچز کیلئے پاکستان آنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچز 14 اور 15 اکتوبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔ مہمان ٹیم 12 اکتوبر کو شہر قائد پہنچے گی، دورے کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کیلئے 16 اکتوبر کو اکٹھے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔ یاد رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ ہفتے انگلینڈ کو مختصر دورے کی دعوت دی تھی تاہم جنوری میں اپنے سٹار کھلاڑیوں کی مصروفیات ، لاجسٹک اور مالی مسائل کے باعث انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں دونوں ٹیموں میں مختصرسیر یز کی تجویز پیش کی جس کو پی سی بی نے قبول کرلیا ہے ،انگلینڈ نے آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی ٹیم بھی آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرے گی جس کے دوران تین ٹونٹی اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ یہ چھ سال میں پاکستان کا چھٹا دورہ ہوگا۔ ای سی بی کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز 8، 10 اور 13 جولائی کو بالترتیب کارڈف ، لارڈز اور برمنگھم میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی ٹونٹی میچز 16، 18 اور 20 جولائی کو نوٹنگھم، لیڈز اور مانچسٹر میں ہوں گے ۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے آئندہ سال اکتوبر میں دورے کی تصدیق کردی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر 2021 میں ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان آمد پر انگلش کھلاڑی یہاں عالمی معیار کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں گے جو انہیں 2022-23میں مرتبہ پھر دورے اور پاکستان سپر لیگ میں اپنی دلچسپی ظاہر کرنے میں معاونت کرے گا۔اس موقع پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے کہا کہ وہ برطانوی ٹیم کے دورہ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں ، پی سی بی کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط اور اچھے ہیں اورہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی چاہتے ہیں ،اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے شائقین کیلئے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی محفوظ واپسی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.