ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ کی زیرِ صدارت مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں محکمہ پولیس، اسپیشل برانچ، بلوچستان چیریٹی رجسٹریشن اتھارٹی (بی سی آر اے)، کوئٹہ کے جید علماء کرام اور مختلف مدارس کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مدارس کی بی سی آر اے کے ساتھ رجسٹریشن کے عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
متعلقہ حکام نے رجسٹریشن کے موجودہ طریقہ کار، درکار دستاویزات اور قانونی تقاضوں کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن کے عمل میں درپیش مسائل، ممکنہ اقدامات پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے اس موقع پر کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کا مقصد تعلیمی اداروں کو ایک منظم اور شفاف نظام کے تحت لانا ہے تاکہ ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے رجسٹریشن کے عمل کو ہر ممکن حد تک آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔اجلاس میں شریک علمائ کرام اور مدارس کے منتظمین نے اپنے تحفظات، مسائل اور تجاویز پیش کیں، جنہیں متعلقہ حکام نے غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ مدارس کے ذمہ داران رجسٹریشن کے عمل میں مکمل تعاون کریں تاکہ یہ عمل بروقت مکمل ہو سکے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعاون اور مسلسل رابطے کے ذریعے مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز بنایا جائے گا، تاکہ تعلیمی نظام میں بہتری اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔