دکی: آل بلوچستان سردار درمحمد ناصر فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح، خیبر افغان فٹبال کلب دکی نے افتتاحی میچ دو صفر سے جیت لیا
دکی میں آل بلوچستان سردار درمحمد ناصر فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا افتتاح سردارزادہ شیریار خان ناصر نے فیتہ کاٹ کر اور فٹبال کو پاؤں سے کک مار کر کیا۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ خیبر افغان فٹبال کلب دکی اور پاک افغان فٹبال کلب پشین کے درمیان کھیلا گیا، جس میں خیبر افغان فٹبال کلب دکی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک افغان فٹبال کلب پشین کو دو صفر سے شکست دے کر میچ اپنے نام کر لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردارزادہ شیریار خان ناصر نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملتے ہیں۔ فٹبال نوجوانوں میں نظم و ضبط، بھائی چارے، اتحاد اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد خوش آئند ہے، کیونکہ اس سے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور ایک دوسرے کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے موقع پر ٹھیکیدار نصرالدین بزدار نے ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے 50 ہزار روپے نقد دینے کا اعلان کیا، جبکہ قبائلی رہنما محمد اسلم ترین نے خیبر افغان فٹبال کلب دکی کے لیے 15 ہزار روپے نقد دینے کا اعلان کیا۔
تقریب میں دکی پریس کلب کے صدر اللہ نور ناصر، ٹھیکیدار نصرالدین بزدار، قبائلی رہنما محمد اسلم ترین، حاجی دراز خان ناصر، ماسٹر امیر ناصر سمیت دیگر قبائلی عمائدین، معززین اور فٹبال شائقین نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مرغی پکڑنے کا روایتی عملی مظاہرہ بھی کیا گیا، جبکہ روایتی ڈھول کی تھاپ نے تقریب کو مزید پُررونق بنا دیا۔
ٹورنامنٹ میں بلوچستان بھر سے تعلق رکھنے والی مختلف فٹبال ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔ اس ایونٹ کا مقصد کھیلوں کو فروغ دینا، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کے کھلاڑیوں کے درمیان بھائی چارے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔