پشاور: پاکستان تحریک انصاف میں قیادت کے معاملے پر اختلافات کی خبروں کے درمیان پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے واضح کیا ہے کہ پارٹی میں قیادت کے حوالے سے کوئی اختلاف نہیں۔
شوکت یوسفزئی نے نجی نیوز چینل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں قیادت کے معاملے پر کسی قسم کا تنازع نہیں ہے، بیرسٹر گوہر پارٹی کی قیادت جاری رکھیں گے اور اس حوالے سے پھیلنے والی قیاس آرائیاں درست نہیں۔
انہوں نے مذاکراتی عمل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے مذاکراتی عمل میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ محمود اچکزئی نے بھی اس معاملے پر لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔
شوکت یوسفزئی کے بیان کو ایسے وقت میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جب تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی، مذاکرات اور پارٹی قیادت کے کردار سے متعلق مختلف سوالات سامنے آ رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے قیادت کے معاملے پر اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کی مہم پر بھی تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی مہم سے تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی بیرون ملک بیٹھے کسی یوٹیوبر کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔ ان کے اس بیان کو پارٹی کے اندرونی معاملات اور سوشل میڈیا پر جاری سرگرمیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق پارٹی قیادت اور سیاسی معاملات میں فیصلے اپنی حکمت عملی کے تحت کیے جائیں گے۔