ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس؛ سپریم کورٹ کی کارروائی کے بائیکاٹ کا عندیہ

سپریم کورٹ کے بینچ کے قیام پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں‘ تین رکنی بینچ کی کارروائی کا کسی بھی وقت بائیکاٹ کیا جاسکتا ہے۔ ڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی کے وکیل عرفان قادر کی گفتگو
لاہور: ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کی کارروائی کے بائیکاٹ کا عندیہ دے دیا گیا۔ میڈیا کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کے وکیل عرفان قادر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے بینچ کے قیام پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، فل بینچ قائم کیا جانا چاہئے تھا، اس بیچ کے قیام اور اس کی سماعت پر ملک بھر کے کونے کونے سے نظریں لگی ہوئی ہیں، سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ کی کارروائی کا کسی بھی وقت بائیکاٹ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے پہلے پارلیمانی سماعت کے بغیر کیسے فیصلہ دیا جاسکتا ہے، کلائنٹ سے مشاورت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم اس بینچ کے قیام پر کافی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بہت ہوگیا یکطرفہ فیصلوں کے سامنے سرجھکانے کی توقع ہم سے نہ رکھی جائے، اگرانصاف کے ایوان بھی دھونس، دھمکی، بدتمیزی اور گالیوں کے دباؤ میں آ کر بار بار ایک ہی بنچ کے ذریعے مخصوص فیصلے کرتے ہیں، اپنے ہی دیے فیصلوں کی نفی کرتے ہیں، سارا وزن ترازو کے ایک ہی پلڑے میں ڈال دیتے ہیں تو ایسے یکطرفہ فیصلوں کے سامنے سرجھکانے کی توقع ہم سے نہ رکھی جائے، بہت ہوگیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.