آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے جدید سی فور سینٹر کا دورہ کیا اور ٹریفک پولیس افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (4C) کا دورہ کیا جہاں انہیں جدید مانیٹرنگ سسٹم، فیلڈ فورس کی نگرانی، ایمرجنسی رسپانس اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
آئی جی اسلام آباد نے مانیٹرنگ سسٹم اور فیلڈ آپریشنز کو مزید موثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان اور ٹریفک پولیس کے افسران کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ انہوں نے افسران کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر ٹریفک سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور فرائض کی ادائیگی میں مزید محنت، لگن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدیدٹیکنالوجی کے موثر استعمال، مانیٹرنگ نظام میں بہتری اور پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کے ذریعے شہریوں کو بہتر اور موثر پولیس سروسز فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔