شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان تلخ کلامی کے معاملے پر پی ٹی وی انتظامیہ نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
قومی کرکٹ ٹیم سابق فاسٹ باولد شعیب اختر اور پی ٹی وی سپورٹس کے اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان تلخ کلامی کے معاملے پر پی ٹی وی انتظامیہ نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کر لیں، انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو معطل کرنے کی سفارش کی تھی ۔
انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو قصور وار قرار دیا ہے۔
شعیب اختر اور نعمان نیاز میں تلخ کلامی کا پس منظر
پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر اور راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے تیز ترین باؤلر شعیب اختر نے ڈاکٹر نعمان نیاز کے ساتھ پی ٹی وی پر لائیو شو کے درمیان ہوئی بحث پر دورانِ شو ہی پی ٹی وی سپورٹس سے استعفا دے دیا۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ہوئے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد جہاں پاکستانی قوم اپنی فتح پر جشن منا رہی تھی، پی ٹی وی پر براہِ راست شو کے دوران ہوئی اس بدکلامی پر شعیب اختر کا استعفا آنا قوم کے لیے ایک دھچکے سے کم نہیں۔
قصہ کچھ یوں تھا کہ پروگرام کے بعد پوسٹ میچ تجزیہ کاری کے لئے ڈاکٹر نعمان نیاز پروگرام کی میزبانی کر رہے تھے جس میں شعیب اختر کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈری کھلاڑی ویوین رچرڈز، برطانیہ کے سابق مایہ ناز کھلاڑی ڈیوڈ گاور، پاکستان کی خواتین ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر، سابق کپتان راشد لطیف، سابق باؤلنگ کوچ اظہر محمود، پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید اور سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر عمر گل موجود تھے۔
اس موقع پر شعیب اختر نے لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کو بھی اس حوالے سے کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے کچھ لڑکوں کو بہت تیار کیا ہے۔ نعمان نیاز نے انہیں لقمہ دیا کہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز سے پہلے ہی پاکستان کے لئے انڈر 19 کھیل چکے تھے۔
شعیب اختر نے انہیں جواب دیا کہ میں حارث رؤف کی بات کر رہا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے ازراہِ مذاق ایک جملے کا مزید اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم وہ شو کی تیاری کر کے آئے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر نعمان نیاز نے اس بات کا برا مناتے ہوئے فوری طور پر انہیں انتہائی نازیبا انداز میں کہا کہ آپ میرے ساتھ بدتہذیبی سے بات کر رہے ہیں اور اگر آپ کو زیادہ چالاک بننے کا شوق ہے تو آپ یہ شو چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔ میں آپ کو ٹی وی پر براہِ راست کہہ رہا ہوں کہ آپ شو چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔
شعیب اختر ان کی یہ بات سن کر ہکا بکا رہ گئے۔ وہ ابھی کچھ کہنے کے لئے سوچ ہی رہے تھے کہ نعمان نیاز نے بات ثنا میر کی طرف بڑھا دی۔ جس پر شعیب اختر نے انہیں ٹوکا کہ ایک منٹ یہیں رک جائیے۔
تاہم، کچھ دیر کے بعد پروگرام جب اختتام کے قریب پہنچا تو ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ وہ شعیب اختر سے آصف علی کے متعلق تبصرہ چاہیں گے۔ شعیب اختر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ انتہائی معذرت کے ساتھ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ پی ٹی وی سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس قسم کا سلوک ان کے ساتھ روا رکھا گیا ہے، انہیں نہیں لگتا کہ اب انہیں اس جگہ پر مزید بیٹھنا چاہیے اور وہ استعفے کا اعلان کرتے ہوئے پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے۔