کوئٹہ، 14 نومبر: صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی ہماری آنے والی نسلوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اور جامع اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں یکبار استعمال ہونے والے پلاسٹک اور شاپر بیگز پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے صوبہ گیر شجرکاری مہم شروع کر رہی ہے، جس میں عوام بالخصوص نوجوانوں کو بھرپور انداز میں شریک کیا جائے گا۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ صنعتی یونٹس اور فیکٹریوں کو ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانے کا پابند بنایا جائے گا اور زہریلے دھویں اور فاضل مواد کے اخراج کے لیے سائنسی طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہوا، پانی اور زمین کو آلودہ کرنے والے عناصر کے خلاف ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا کہ ماحول کا تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا قومی اور اخلاقی فرض ہے۔
انہوں نے وفود پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر وفود نے انہیں اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا، جن کے حل کے لیے انہوں نے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔