پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کھیلوں کے ذریعے یادگار بنائیں گے۔ ڈی جی کھیل
کوئٹہ میں کھیلوں کے 28 مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ 14 اگست کی رات اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی ہوگی۔ دُرا بلوچ
کوئٹہ (ہمت نیوز) بلوچستان بھر میں پاکستان کی 75 ویں سالگرہ ڈائمنڈ جوبلی انتہائی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔ بلوچستان کے تمام اضلاع میں محکمہ کھیل کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔ اسی حوالے سے ڈائریکٹر جنرل کھیل دُرا بلوچ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر صوبے کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ صوبے کے تمام اضلاع میں ہزاروں کی تعداد میں کھلاڑی اور آفیشلز ڈائمنڈ جوبلی مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد بلوچستان میں کھیلوں کو فروغ دینا اور کھیل کے ذریعے سے پسماندگی کا خاتمہ ہے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کھیلوں کی تقریبات کے حوالے سے ڈی جی اسپورٹس دُرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ ڈائمنڈ جوبلی کو کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے سے یادگار بنائیں گے۔ اسی لیے کوئٹہ میں مرد اور خواتین کے لیے 28 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کھلاڑیوں کی شرکت ہوگی۔
کھیلوں کے مقابلے میں والی بال خواتین کا ہاکی میچ خواتین اور مردوں کے بیڈمنٹن کا ٹورنامنٹ خواتین کا فٹسال کا ٹورنامنٹ لڑکوں کے اسکواش کے مقابلے جن میں گیارہ سال چودہ سال 18 سال اور ان سے زائد عمر کے لڑکوں کے مقابلے تیراکی کے مقابلے خواتین کا کرکٹ ٹورنامنٹ فٹبال کا نمائشی میچ جمناسٹک، مردوں اور خواتین کے ٹیبل ٹینس کے ٹورنامنٹ مارشل آرٹس میں تائیکوانڈو، مکس مارشل آرٹ، جوڈو، ووشو، کک باکسنگ اور کراٹے میں خواتین اور مردوں کے مقابلے منعقد ہونگے۔ جبکہ ایتھلیٹکس کی مختلف کیٹگریز میں مردوں کی سو پانچ سو اور پانچ ہزار میٹر دوڑ کے ساتھ دیگر ایتھلیٹکس مقابلے بھی ہونگے۔ ان کے علاوہ فینسیگ میں مردوں اور خواتین کے مقابلے نیٹ بال کا وومین ٹورنامنٹ ویٹ لفٹنگ کے مقابلے ٹینس ٹورنامنٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل کھیل کا مزید کہنا تھا کہ 14 اگست کی رات کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ اور کھیلوں کا یہ سلسلہ 14 اگست کو ختم نہیں ہوگا بلکہ محرم الحرام کے بعد دوبارہ سے ڈائمنڈ جوبلی مقابلے اور تقریبات شروع ہونگی۔ جن میں کوئٹہ فیملی فیسٹیول، کشمیر ڈے، 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان۔ ٹی ٹین انٹرنیشنل کرکٹ لیگ، ساحلی گیمز، ڈسٹرکٹ اور ڈویژنل گیمز، انٹر اسکول اور انٹر کالج ٹورنامنٹ، اور سال کا سب سے بڑا اینڈ نیشنل گیمز بھی منعقد کیے جائیں گے۔