سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جمہوریہ ازبکستان کے سرکاری دورے کے دوران ازبکستان کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل بوتیر قدرتھودجائیف بہرومووچ اور نائب وزیر دفاع و کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس میجر جنرل برخانوف احمد جامولووچ سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعلقات اوردوطرفہ فوجی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ازبکستان کےوزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی استعداد کو سراہا جبکہ نائب وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات میں مشترکہ فوجی مشقوں، منظم پیشہ ورانہ تبادلوں اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔ایئر چیف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جبکہ دونوں جانب سے آپریشنل تیاری اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔