کولپور میں آٹھ دہشت گرد ہلاک، سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں، شاہد رند

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے کولپور کے علاقے میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، جبکہ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ُانہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔

شاہد رند نے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے کیے گئے حملے کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے شہدائ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
شاہد رند کے مطابق دہشت گرد جدید ڈرون ٹیکنالوجی، بارودی مواد اور دیگر تخریبی ذرائع استعمال کرکے سکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ان بدلتے ہوئے خطرات سے آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں میں سکیورٹی اقدامات، گشت اور کلیئرنس کارروائیوں کا تسلسل عوام کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وڑن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور بلوچستان کے عوام و حکومت سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.