اوتھل، 14 نومبر: حکومت بلوچستان کے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں خودمختار شہری بنانے کے لیے شروع کیے گئے کمک پروگرام کے ثمرات ضلع لسبیلہ کے مستحق افراد تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ کے 20 مستحق خصوصی افراد کو 8 ہزار روپے جبکہ بچوں کو 6 ہزار روپے کی پہلی قسط کی ادائیگی شروع کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 11 خصوصی افراد کو ٹرائی موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران اور متعلقہ عملے نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن، درخواستوں کی تیاری اور ضروری دستاویزی کارروائی مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سلسلے میں سوشل ویلفیئر آفیسر لسبیلہ عبدالصمد رونجھو، محمد اسماعیل، عقیل قمر، سوشل ویلفیئر آفیسر بیلہ خالد پرویز، پرویز شیخ اور شبیر رونجھو نے مستحق افراد کی رہنمائی اور معاونت کی۔
کمک پروگرام کے تحت ضلع لسبیلہ سے تقریباً 180 خصوصی افراد کے درخواست فارم جمع کرائے گئے ہیں، جن میں سے پہلے مرحلے میں 20 مستحق افراد کو مالی معاونت کی پہلی قسط ملنا شروع ہوگئی ہے، جبکہ دیگر افراد کو آئندہ مراحل میں سہولیات فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔
تقریباً 11 خصوصی افراد کو ٹرائی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے، جس سے ان کی آمدورفت اور روزمرہ زندگی میں خودمختاری بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر کمک پروگرام کے ڈائریکٹر منیر احمد قمبرانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سراج احمد بلوچ نے بھی منصوبے کو ضلع لسبیلہ تک مؤثر انداز میں پہنچانے اور خصوصی افراد کو حکومتی سہولیات کی فراہمی میں کردار ادا کیا۔
عوامی و سماجی حلقوں نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پروگرام کے آئندہ مرحلے میں باقی رجسٹرڈ مستحق افراد کو بھی جلد سہولیات فراہم کی جائیں گی۔