“وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ایشین گیمز میں میڈل لینے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
فٹبال کا پاکستان میں بہت شوق ہے اور نوجوان نسل اس میں بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ہماری خواتین بھی کرکٹ اور ہاکی میں کافی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ کھیلوں کے میدان، چاہے ہاکی، کرکٹ، فٹبال، والی بال، کبڈی ہو یا کھیلوں کے بے شمار دوسرے شعبے، ہمیں ان میں اجتماعی کاوشیں بروئے کار لانی چاہئیں۔ اس کے لیے ٹرینرز اور وسائل درکار ہیں۔
ماضی میں کھیلوں کے میدان میں ہمارے اسٹارز کو مختلف سرکاری تنظیمیں اپناتی تھیں، ان کے لیے تمام مناسب وسائل مہیا کرتی تھیں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتی تھیں۔ پی ڈی ایم گورنمنٹ کے دوران بھی اس نظام کو فعال کرنے کی ڈیمانڈ کی گئی تھی میں نے فی الفور اسی نظام کو دوبارہ بحال کرنے کے احکامات دے دیے تھے۔ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے مزید مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ ہمیں اپنے نوجوان کھلاڑیوں کی پوری طرح حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔”