سید مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت مارگلہ اسپتال اسلام آباد کے افتتاح کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت مارگلہ اسپتال اسلام آباد کے افتتاح کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کئی سال سے غیر فعال مارگلہ اسپتال کو فلانتھراپک پارٹنرشپ کے تحت انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے سپرد کیا گیا ہے۔ وزیراعظم پاکستان رواں ہفتے 167 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال کا افتتاح کریں گے۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق اسپتال میں جدید تشخیصی، طبی اور آپریشن کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ یہ شراکت داری عوامی خدمت، شفافیت اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کی بہترین مثال ہوگی۔ اسپتال کی فعالیت سے اسلام آباد اور گردونواح کے شہریوں کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی اور بڑے اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بھی کم ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.