عدم تعاون پر سرکاری محکموں کے سربراہان کیخلاف وارنٹ یا شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اختیار دے دیا۔ صوبائی محتسب
کوئٹہ۔۔صوبائی محتسب بلوچستان نے شکایات کے فوری ازالے، زیرِ التوا مقدمات کو نمٹانے اور سرکاری محکموں کی جواب دہی یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا۔ صوبائی محتسب (محتسبِ اعلیٰ) بلوچستان نے 13 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ ہدایات کے ذریعے ریجنل ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری ازالے، زیرِ التوا مقدمات کی ترجیحی بنیادوں پر سماعت اور سرکاری محکموں سے مؤثر تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
شکایات کے معاملے میں جواب جمع نہ کرانے یا ازالے کے عمل میں تعاون نہ کرنے والے سرکاری محکموں اور اداروں کے خلاف متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ریجنل ڈائریکٹرز وارنٹ یا شوکاز نوٹس جاری کرنے سمیت کارروائی کا اختیار بھی دے دیا۔ اس اقدام کا مقصد شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو یقینی بنانا ہے۔
تمام انویسٹی گیشن افسران اور ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ سال 2025 تک کے تمام زیرِ التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر 31 دسمبر 2026 تک نمٹایا جائے، تاکہ پرانے مقدمات کے بوجھ میں کمی اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ ریجنل ڈائریکٹرز کو اپنے دفاتر یا متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں ہر پندرہ روز بعد کھلی کچہری منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ کھلی کچہری کے انعقاد میں متعلقہ اضلاع کی امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھا جائے گا۔ تمام متعلقہ افسران کو مقدمات کی محکمہ وار پیش رفت رپورٹ ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ اکاؤنٹس کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ رپورٹ میں زیرِ تفتیش مقدمات، نمٹائے گئے کیسز، عمل درآمد کے منتظر فیصلوں، ابتدائی سماعت کے مرحلے میں موجود مقدمات اور رواں سال درج ہونے والے کیسز کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ صوبائی محتسب بلوچستان کی جانب سے جاری ان ہدایات کا مقصد شکایات کے ازالے کے نظام کو مؤثر بنانا، سرکاری محکموں کو جواب دہ بنانا، پرانے مقدمات کو جلد نمٹانا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ تمام متعلقہ افسران کو ہدایات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔