امریکہ میں پاکستان کے سفیرِ رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹیک کمپنیوں کو پاکستان میں اشتراک عمل کے وسیع اور منافع بخش مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ منگل کو پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے ڈیلاس، ٹیکساس میں پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے تکنیکی تعاون، سرمایہ کاری اور طویل مدت کاروباری ساجھے داریوں کے فروغ پر زور دیاہے۔پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 میں ممتاز پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں، امریکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان نےبھرپور شرکت کی۔پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 کانفرنس سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی، قونصل خانہ پاکستان ہیوسٹن، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔امریکا کے تجارتی اور مالیاتی مرکز ڈیلاس میں کانفرنس کا کامیاب انعقاد پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026سیریز کا حصہ تھی جس کا مقصد امریکی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں پاکستان کی رسائی بڑھانا اور طویل مدتی تجارتی و تکنیکی شراکت داریوں کو فروغ دینا ہے۔
ٹیک کانفرنس 2026 میں کاروباری روابط بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی جس میں 13 معروف پاکستانی ٹیک کمپنیوں نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےسفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک-امریکہ اقتصادی تعلقات میں جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، تزویراتی اہمیت کی حامل ہے، امریکہ عالمی ٹیکنالوجی کا مرکز اور پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی برآمدی مارکیٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھرتی ٹیکنالوجیز اور مصنوعی ذہانت میں دو طرفہ باہمی اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔پاکستان میں تقریباً 60 فیصد سے اوپر آبادی 30 سال سے کم عمرنوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارا قومی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ ٹیک کانفرنس میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کو بین الاقوامی تجربہ اور اپنے مخصوص شعبوں میں مسلمہ مہارت حاصل ہے ،کانفرنس کے انعقاد کا مقصد محض پاکستانی ٹیک کمپنیوں کی کار کردگی اور صلاحیتوں کی نمائش نہیں بلکہ عالمی معیار کے عین مطابق بامعنی تجارتی روابِط کو استوار کرنا ہے۔
سفیر پاکستان نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں استعداد، مہارت اور منافع بخش مواقع اجاگر کرتے ہوئے امریکی اداروں کو ان سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ا بھرتی ہوئی مسابقتی برتری امریکی کاروباری اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے اہم اور نتیجہ خیز مواقع فراہم کر سکتی ہے،سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو کاروباری روابط بڑھانے، پاکستان کو قابل اعتماد اور مسابقتی ٹیکنالوجی شراکت دار کے طور پر متعارف کرانے اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ سفارت خا نہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تکنیکی تعاون، سرمایہ کاری میں سہولت اور طویل مدتی تجارتی شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، ان روابط کو ٹھوس تجارتی مواقع، ٹیکنالوجی شراکت داریوں اور دیرپا سرمایہ کاری تعلقات میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر خطاب کرنے ہوئے سی ای او پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے پاکستانی آئی ٹی صنعت کی مسلسل ترقی اور عالمی مسابقتی صلاحیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سالانہ تقریباً 70 ہزار آئی ٹی اور کمپیوٹر سائنس گریجویٹس تیار کرتا ہے، پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ چار برس کے دوران اوسطاً 21 فیصد سالانہ اضافہ، ستمبر 2026ء میں برآمدات تقریباً 435 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں،امریکہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی اہم ترین بین الاقوامی مارکیٹ ہے۔
ٹیک کانفرنس کے دوران پاکستان کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی مصنوعی ذہانت، کلائوڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، مالیاتی ٹیکنالوجی اور انٹرپرائز سلوشنز میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سرمایہ کاروں کی معاونت اور عملی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں بشمول سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کانفرنس میں ممتاز پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے اپنی بین الاقوامی تجربے، جدید حل اور عالمی صارفین کے ساتھ کامیاب کاروباری روابط کو اجاگر کرنے کیلئے پریزنٹیشنز دیں۔
کانفرنس میں کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط پر خصوصی توجہ دی گئی جس سے پاکستانی کمپنیوں کو امریکی کارپوریٹ عہدیداروں، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کے خریداروں اور سٹریٹجک شراکت داروں سے تبادلہ خیال کے مواقع میسر آئے۔اس موقع پر ڈیلاس-فورٹ ورتھ اور ریاست ٹیکساس کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے امریکی کاروباری عہدیداروں، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی خریداروں اور اسٹریٹجک شراکت داروں نے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری روابط استوار کرنے کے مواقع سے استفادہ کیا۔
پاک-امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 کے تحت آئندہ کانفرنسیں 21 اکتوبر کو واشنگٹن ڈی سی اور 23 اکتوبر 2026ء کو شکاگو میں منعقد ہوں گی۔ان کانفرنسز کے انعقاد کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی مسابقتی ٹیکنالوجی کو مستحکم کرنا اور جدید ڈیجیٹل اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہے۔