بحریہ یونیورسٹی اور چین کی ہاربن انجینئرنگ یونیورسٹی نے زیرِ آب مواصلات، بحری تحقیق اور پاکستان کی بلیو اکانومی کے فروغ کے لئے چین پاکستان میری ٹائم انفارمیشن لیبارٹری کے قیام کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں جامعات کے درمیان تزویراتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا جبکہ مجوزہ لیبارٹری زیرِ آب مواصلاتی نظام اور بحری معلومات کے شعبوں میں تحقیق و ترقی کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
اس تعاون کا مقصد جدید سائنسی تحقیق، تکنیکی مہارت اور علمی اشتراک کے ذریعے بحری شعبے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ مجوزہ چین پاکستان میری ٹائم انفارمیشن لیبارٹری (سی پی ایم آئی) کے قیام سے زیرِ آب مواصلات اور بحری تحقیق کے شعبوں میں نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔ پاکستان ایک اہم ساحلی ملک ہونے کے ناطے بحری وسائل، سمندری تجارت اور متعلقہ شعبوں میں وسیع امکانات رکھتا ہے۔
اس تناظر میں جدید ٹیکنالوجی اور تحقیقی تعاون بلیو اکانومی کی ترقی، بحری وسائل سے مؤثر استفادے اور متعلقہ شعبوں میں علمی و تکنیکی استعداد بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ بحریہ یونیورسٹی اور ہاربن انجینئرنگ یونیورسٹی کے درمیان یہ شراکت داری اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کے میدان میں پاک چین تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ دونوں اداروں کے مابین اشتراک سے بحری ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق اور علم کے تبادلے کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ مفاہمتی یادداشت کو پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جس کا بنیادی محور زیرِ آب مواصلات، بحری تحقیق اور پاکستان کی بلیو اکانومی معیشت کی ترقی ہے۔