وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق آزاد خطہ میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز اور ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، حکومت کی ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، معیارِ زندگی میں بہتری، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ریاست کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار عوامی وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت، بہتر طرزِ حکمرانی اور ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،آزادکشمیر کے تمام علاقوں میں تعمیر و ترقی کے ثمرات پہنچانے، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری پہلی ترجیح ہیں، اسی طرح نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور انتظامی معاملات میں شفافیت و میرٹ کو فروغ دینے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محمد نواز شریف کے وژن اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی رہنمائی و تعاون سے حکومت عوامی ضروریات کے مطابق ایسے اقدامات کرے گی جن کے ثمرات ریاست کے ہر علاقے اور ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مشن محض ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرنا نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل، معیار کو برقرار رکھنا اور عوام کو ان سے حقیقی فائدہ پہنچانا ہے، اس سلسلے میں ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی مسائل کے فوری حل کو اہمیت دی جائے گی۔