این سی سی آئی اے کی فیصل آباد اور لاہور میں کارروائیاں، منظم گروہ اور کرپٹو فراڈ میں ملوث ملزمان گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے فیصل آباد اور لاہور میں موثر اور ٹیکنیکل کارروائیاں کرتے ہوئے منظم سائبر فراڈ نیٹ ورک اور بینک اکائونٹس سے رقم چوری کر کے کرپٹو کرنسی میں تبدیل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق فیصل آباد میں کی گئی ایک اہم کارروائی کے دوران سائبر فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو ٹیکنیکل ٹریسنگ کی مدد سے حراست میں لیا گیا۔ ملزمان نے ایک شہری کے نجی بینک اکائونٹ سے غیر مجاز طریقے سے 14 لاکھ 93 ہزار روپے منتقل کیے تھے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مسروقہ رقم کو مختلف اکائونٹس میں منتقل کرنے کے بعد ڈیجیٹل کرنسی میں تبدیل کر لیا تھا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے فراڈ ٹرانزیکشنز کے ریکارڈ اور اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب این سی سی آئی اے لاہور نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مقامی اور غیر ملکی شہریوں کو کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے لوٹنے والے منظم سائبر فراڈ نیٹ ورک کے کارندوں کو دھر لیا۔ ترجمان کے مطابق یہ ملزمان جعلی پی او ایس ٹرانزیکشنز کے ذریعے شہریوں کے کھاتوں سے رقم ہڑپ کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 5 پی او ایس مشینیں، ایک لیپ ٹاپ اور 2 موبائل فون برآمد کر کے ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے ان کامیاب کارروائیوں پر ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سائبر فراڈ اور جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی سختی سے جاری رہے گی اور شہریوں کے جان، مال اور مالیاتی ڈیٹا کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.