ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی ترقی، قومی استحکام اور معاشی خوشحالی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سیدال خان ناصر نے حمزہ شہباز شریف کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں نئی وفاقی ذمہ داری ملنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کی ترقی اور صوبے کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے پٴْرعزم ہیں۔ بلوچستان کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنا اور وہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات اور یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دانش اسکولز کا قیام معیاری تعلیم کے فروغ اور صوبے کے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
اس اقدام سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع میسر آئیں گے۔سیدال خان ناصر نے گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت کسانوں کو 50 فیصد سبسڈی فراہم کرنے کے اقدام کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی سے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی اداروں میں صوبائی کوٹے کے تحت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔