کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے امریکہ سے آئے ہوئے ممتاز پاکستانی بزنس مین اور سماجی خدمتگار تنویر احمد نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، مستحق اور باصلاحیت طلبہ کیلئے اسکالرشپس کے انتظام، سرکاری جامعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تعلیمی اداروں میں ریسرچ، جدت اور جدید مہارتوں کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسکے علاوہ بلوچستان کے تاجروں اور کاروباری طبقے کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے، نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات سے استفادہ کرنے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔گورنر مندوخیل نے کہا کہ تنویر احمد سینکڑوں پاکستانی طلبہ کو ہائیر ایجوکیشن کے حصول میں معاونت فراہم کرنے، دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے اور بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں میں وطن سے محبت اور قومی وابستگی کے جذبات کو تقویت دینے کیلئے قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے اس امید کا اظہار کیا کہ تنویر احمد جیسی ملنسار، فعال اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیات بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور وطنِ عزیز کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔
گورنر بلوچستان نے تنویر احمد کے تعاون سے پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کا پیغام اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک تک پہنچانے کی کاوش کو بھی سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں، تخلیقی فکر اور امن و ترقی کے پیغام کو عالمی سطح پر متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر امریکہ میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین سماجی خدمتگار تنویر احمد نے بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں اور مستحق طلباء کے اسکالرشپ کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دہانی کرائی۔