آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت سیف سٹی سسٹم اور ترقیاتی منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت، شہریوں اور پولیس افسران کی شکایات سن کر فوری ازالے کے احکامات بھی جاری کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ڈی جی سیف سٹی اسلام آباد مستنصر فیروز، ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور اے ڈی ڈویلپمنٹ کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا ،جس میں سیف سٹی کے جدید مانیٹرنگ سسٹم، پولیسنگ میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، پولیس سروسز میں بہتری کے لئے مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ معیار اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال جرائم کی روک تھام، مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور شہریوں کو فوری پولیس معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔مزید برآں آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سید علی ناصر رضوی اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن نے تعمیراتی مقامات پر جاری کام، منصوبوں پر پیشرفت اور تکمیل کے مختلف مراحل کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی معیار برقرار رکھنے، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق بروقت مکمل کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر تمام مراحل کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے۔
بعد ازاں آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری اور ایم ڈی نیشنل پولیس فاؤنڈیشن سید علی ناصر رضوی نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں جاری تعمیراتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی معیار اور مقررہ ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پولیس افسران اور جوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری منصوبوں کو مؤثر نگرانی اور منظم حکمتِ عملی کے تحت مکمل کیا جائے۔دریں اثنا آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں تشریف لانے والے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل اور شکایات بھی براہِ راست سنیں اور ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو مناسب احکامات جاری کئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ قانون کے مطابق، میرٹ پر اور مقررہ وقت کے اندر یقینی بنایا جائے جبکہ پولیس افسران و جوانوں کے جائز مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پولیس افسران و جوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، مؤثر پولیسنگ اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں اور ان مقاصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔