لاہور : ان کی موت کے حوالے سے خبریں کئی دن سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، عرب نیوز کے مطابق اب متعدد پاکستانی اور افغان ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایمن الظواہری افغانستان میں قدرتی وجوہات کی بنا پر انتقال کر گئے ، 69 سالہ الظواہری کو آخری بار رواں سال امریکا پر ہونے والے نائن الیون حملوں کے سلسلے میں جاری کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا،عرب نیوز کے مطابق کم از کم چار پاکستانی اور افغان سکیورٹی اہلکاروں نے الظواہری کی موت کی تصدیق کی ہے ، نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بات کرنے والے ان اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے ،ان کی ہلاکت کی تصدیق القاعدہ میں قیادت کے ایک خلا کو جنم دے سکتی ہے ،الظواہری کے ممکنہ جانشین سیف العدل ہو سکتے ہیں جو القاعدہ کی شوریٰ کونسل کے سربراہ ہیں، سیف العدل ایف بی آئی کی موسٹ وانٹڈ ٹیررسٹ لسٹ میں 2001 سے شامل ہیں اور امریکی محکمہ خارجہ ان کی معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر کے انعام کا اعلان بھی کر چکا ہے ۔