میاں نواز شریف کی والدہ کا انتقال، آرمی چیف کی جانب سے اظہار تعزیت

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے کہ مرحومہ کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے آمین۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات شبلی فراز، گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب، شیخ رشید، چودھری شجاعت، پرویز الہیٰ، بلاول بھٹو، آصف زرداری فضل الرحمان، سراج الحق، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر رہنماؤں نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند اور جنت الفردوس میں مقام عطا کرے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.