چمن: ساجد مہمند روڈ پر جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی کے گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
بلوچستان کے ضلع چمن کے علاقے ساجد مہمند روڈ پر جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے رہنما قادر لونی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے، دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ریسکیوذرائع کے مطابق جے یو آئی کے تحت فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا، ریلی کے اختتامی مقام پر مبینہ طور پر موٹرسائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد کو ریمورٹ کے ذریعے اڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔